0
Thursday 2 May 2024 17:59

وفاق اور سندھ ملکر منشیات فروشوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن کرنے جا رہے ہیں، شرجیل میمن

وفاق اور سندھ ملکر منشیات فروشوں کیخلاف بڑا کریک ڈاؤن کرنے جا رہے ہیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری نے واضح ہدایات دی ہیں کہ مجرموں کی سرپرستی یا سہولت کاری کرنے والا کوئی بھی ہو اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق صدر زرداری کی ہدایات کی روشنی میں اپیکس کمیٹی کے 21ویں اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، جن میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ منشیات فروشوں کے برے دن شروع ہو گئے ہیں، اگر وہ منشیات فروشی سے باز نہیں آئے تو ان کا حشر برا ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت مل کر منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہے ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف وفاق اور صوبائی حکومت کی جانب سے مشترکہ ٹیمیں بنائی جائیں گی، صوبے کے بارڈر ایریاز میں مشترکہ چیک پوسٹس بنائی جائیں گی۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول میں مزید تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، کچھ لوگ جو اسکولوں اور گھروں میں منشیات سپلائی کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانون سازی کی جا رہی ہے، سندھ میں رینجرز، پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ان کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے، غیر قانونی تارکین وقت جن جگہوں پر پناہ لیتے ہیں، ان کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی میں کے پی او پر حملے کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، کے پی او حملے میں ملوث ایک شخص سے متعلق تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ ایک مدرسے کا معلم تھا، فیصلہ کیا گیا کہ جہاں جہاں ایسے عناصر موجود، ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صدر نے حکومتِ سندھ کو واضح ہدایات دی ہیں کہ ڈاکوؤں کی سہولت کاری کرنے والوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے، اس ضمن میں سندھ حکومت کی پالیسی زیرو ٹالرنس والی ہے، کچے کے علاقے میں سخت ایکشن جاری ہے، متعدد مغوی بازیاب کرا لئے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے خلاف تمام ادارے اور عوام ایک پیج پر ہیں، پولیس ان کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں اسلحے کی نمائش کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے، جو لوگ بڑی گاڑیوں میں اسلحہ لے کر گھومتے ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، کسی کا بھی محافظ ہو اس کو اسلحے کے نمائش کی اجازت نہیں ہوگی، اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کل سے ایکشن لیں گے، وردی کے بغیر جس کسی نے بھی اسلحے کی نمائش کی اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 1132489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش