1
Tuesday 30 Apr 2024 18:20

پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سرمایہ کاروں کے 1 کھرب 24 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سرمایہ کاروں کے 1 کھرب 24 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
اسلام ٹائمز۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے پاکستان کیلئے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کے اجراء کی منظوری ملنے کی مثبت خبر کے باوجود پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی رہی۔ مندی کے سبب 64 فیصد حصص کی قیمتیں گر گئیں، جبکہ سرمایہ کاروں کے 1 کھرب 24 ارب 70 کروڑ 59 لاکھ 67 ہزار 729 روپے ڈوب گئے۔ کاروبار کے ابتدائی دورانئے میں اگرچہ 636 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 72000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح بحال ہوگئی تھی، لیکن نئی مانیٹری پالیسی کے تحت گیارہ ماہ سے شرح سود کم نہ ہونے، وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب میں کوئی سرمایہ کاری معاہدہ نہ ہونے جیسے عوامل سے مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ اور مندی رونما ہوئی، جس سے ایک موقع پر 636 پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی، تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی واقع ہوئی۔

نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 592.49 پوائنٹس کی کمی سے 71102.55 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 147.35 پوائنٹس کی کمی سے 23394.66 پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 817.83 پوائنٹس کی کمی سے 119444.80 پوائنٹس اور کے ایم آئی آل شئیر انڈیکس بھی 273.13 پوائنٹس کی کمی سے 33272.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 9 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 56 کروڑ 5 لاکھ 52 ہزار 783 حصص کے سودے ہوئے، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 384 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا، جن میں 113 کے بھاؤ میں اضافہ، 244 کے داموں میں کمی اور 27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
خبر کا کوڈ : 1132162
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش