اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہاگاری نے اعلان کیا ہے کہ "اسرائیل ہائی الرٹ اور ہر قسم کی صورتحال کے لئے مکمل طور پر تیار ہے!!
اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ڈینیئل ہاگاری نے کہا ہے کہ "ہم صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں"!
چند روز قبل بھی اسرائیلی فوج کے اس ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنے خلاف دی جانے والی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لیتا ہے لہذا اس وقت ہائی الرٹ ہے!
ڈینیئل ہاگاری نے مقبوضہ فلسطینی میں موجود غیرقانونی یہودی آبادکاروں کو نصیحت کی تھی کہ بجلی بنانے کے جنریٹروں سمیت کھانے پینے کی اشیاء ذخیرہ کرنے اور اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم نکلوانے کی ضرورت نہیں اور صورتحال میں تبدیلی کی صورت میں اسرائیلی فوج اس کا باضابطہ طور پر فوری اعلان کرے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے ایران کے ردعمل کے خوف سے تقریباً ایک ہفتہ قبل سے اپنے فوجیوں کی تمام چھٹیاں منسوخ کر رکھی ہیں۔
علاوہ ازیں گزشتہ ہفتے ہی اسرائیلی ای مجلے واللا نیوز (Wallanews) نے اعلان کیا تھا کہ ایران کی جانب سے انتقام کی دھمکی کے بعد سے تمام اسرائیلی شہری دکانوں پر پہنچ چکے ہیں اور بنیادی ضرورت کا تمام سامان ذخیرہ کر رہے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے غیر قانونی رہائشی بڑی تعداد میں پانی اور ڈبہ بند خوراک سمیت تمام بنیادی اشیاء کا ذخیرہ کر رہے ہیں جس سے بڑے چین اسٹورز پر بھی لمبی قطاریں لگ چکی ہیں اور تمام شیلف تیزی کے ساتھ خالی ہو رہے ہیں۔